ریاض ۔18ستمبر (اے پی پی):سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے اقوام متحدہ کے مندوب برائے شام جیر بیدرسن سے ملاقات کی ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے ضمن میں ہونے والی ملاقات کے دوران شامی بحران کے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور سعودی عرب کی کوششوں کا جائزہ لیا ہے۔
وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام کی وحدت وسلامتی پر زور دیتے ہوئے بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔دریں اثنا وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک میں جی سی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کے خصوصی اجلاس میں شرکت کی ہے۔جی سی سی وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال اور عالمی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے مشترکہ مفادات پر مبنی نکتہ نظر پر اتفاق کیا ہے۔