ریاض۔24ستمبر (اے پی پی):سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران متعدد عالمی بحرانوں کے پر امن حل پر زور دیا ہے۔العربیہ اور عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے شام ، یمن، لبنان، عراق، لیبیا، یوکرین اور سوڈان کے تنازعات اور بحرانوں کے حل پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ سے امن وسلامتی، ترقی اور استحکام پربھرپور توجہ دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب ،اقوام متحدہ کے میثاق اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیتا ہے۔اقوام عالم کی خود مختاری، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے قائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مملکت کے وژن 2030 میں آنے والی نسلوں کی امنگوں کو سامنے رکھتے ہوئے تعمیر و ترقی کے اہداف کو وضع کیا گیا ہے۔