سندھ میں ماحولیاتی تبدیلی اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی میں بھرپور تعاون امریکا کی مخلصانہ کاوشوں کا عکاس ہے، نائب سربراہ امریکی مشن اینڈریو شوفر کی گفتگو

United States
United States

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):پاکستان میں امریکی مشن کے نائب سربراہ اینڈریو شوفر نے کہا ہے کہ امریکی حکومت اور عوام ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سندھ میں ماحولیاتی تبدیلی اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی میں بھرپور تعاون امریکا کی مخلصانہ کاوشوں کا عکاس ہے۔ جمعہ کو امریکی سفارت خانہ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوان قیادت، کاروباری شخصیات، صنعتکار، اقلیتی برادری، مالیاتی شعبے اور سماجی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں شراکتداری، ترقی اور کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کیلئے مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

امریکی مشن کے نائب سربراہ اینڈریو شوفر نے پاکستان سے تعلقات کے فروغ کے مقصد سے 12 تا 13 فروری کراچی کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے جمہوریت، معاشی نمو، خواتین کی معاشی خودمختاری کی حوصلہ افزائی اور پاکستانی عوام کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے امریکی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ اینڈریو شوفر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ ترجیحات پر مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے جس کا مقصد خطے میں جمہوریت، جامع اقتصادی ترقی اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔ کراچی کا یہ دورہ مختلف فریقین اور شراکت داروں کے ساتھ مسلسل روابط اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے جاری ہماری کاوشوں کی عکاس ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریاں ہوں یا سیلاب کے بعد بحالی کا چیلنج، امریکی حکومت نے ہر مشکل گھڑی میں سندھ کے عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔2022 کے سیلاب کے بعد سندھ کیلئے 21 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی مالی اعانت ہمارے اس غیرمتزلزل عزم کی واضح مثال ہے۔ امریکا نے نہ صرف معیاری تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، غذائی قلت کے خاتمے اور بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھی ہے بلکہ سیلابی صورتحال سے نکلنے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سندھ کے عوام کی معاونت میں مصروف عمل ہے۔ اینڈریو شوفر نے کراچی میں امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کے تعاون سے چلنے والی ٹیری ٹیکس انٹرنیشنل کمپنی کا دورہ کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔

یہ کمپنی اس بات کی غماز ہے کہ کس طرح یو ایس حکومت کی اعانت سے مقامی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو پرواں چڑھانے میں مدد ملتی ہے۔ امریکی مشن کے نائب سربراہ اینڈریو شوفر نے پاکستان امریکن کلچرل سینٹر میں لنکن کارنر کا دورہ کیا جہاں متحرک نوجوان قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر اپنے منفرد و تعمیری خیالات کے تبادلے کا موقع فراہم کیا گیا۔انہوں نے نجی و سماجی شعبہ کے نمائندگان کے علاوہ دیگرشعبہ ہائے زندگی بشمول مالیاتی، دوا سازی اور ٹیکسٹائل کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں جس میں انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے مابین نجی شعبے کی قیادت میں جامع ترقی، تجارت اور سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

اینڈریو شوفرکے دورہ کراچی نے پاکستان میں افغان پناہ گزینوں اور مذہبی اقلیتوں کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے امریکی حکومت کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی کمیشن برائے پناہ گزین کے عہدیداران سے ملاقات میں افغان پناہ گزینوں کے مسائل پر گفتگو کی اور امریکا کی جانب سے انسانی امداد و تعان جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیان کے مطابق اینڈریو شوفر نے مذہبی اقلیتی نمائندگان بالخصوص کراچی میں پارسی برادری سے بھی بات چیت کی۔ اس نشست میں اینڈریو شوفر کو کراچی کی مذہبی و ثقافتی تنوع کے بارے میں مزید جاننے اور مختلف مذہبی برادریوں کے مابین بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کا موقع ملا۔