اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ کے 14 تر جیحی اضلاع کےلئے 446 ارب روپے ترقیاتی پیکیج شروع کیا جارہا ہے، وزیراعظم نےسندھ کےجن 14اضلاع کو میگا منصوبوں میں شامل کیا ان میں بدین،حیدرآباد، لاڑکانہ،ٹنڈوالہیار،دادو،جیکب آباد،میرپورخاص،ٹنڈو محمدخان،گھوٹکی، خیرپور،نوشہروفیروز،سانگھڑ،شکارپور اورسکھرشامل ہیں،میگا ترقیاتی منصوبوں سب سے بڑا منصوبہ 306 کلومیٹر سکھر۔حیدرآباد موٹروے کا شامل ہے،آئندہ ہفتے اس منصوبہ کی سی ڈی ڈبلیو پی سےمنظوری لی جائےگی،
سندھ میں روہڑی اور حیدرآباد سمیت کئی ریلوے سٹیشنز کو بھی اپ گریڈ کیا جائیگا۔توانائی کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہاں ٹرانسفارمرز کی کمی ہے، اس منصوبے کے تحت نئے ٹرانسفارمر مہیا کئے جائیں گے جس سے بجلی چوری اور خسارہ جات میں کمی آئے گی، لوڈشیڈنگ میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار 490 کلومیٹر انفرا اسٹرکچر کی بحالی ہوگی جس سے گیس کی بلاتعطل سپلائی ممکن ہوگی، میگا منصوبوں میں 160 دیہاتوں کو گیس کی فراہمی بھی شامل ہے جس سے 5 ہزار سے زائد گھرانے مستفید ہوں گے
ان کا کہنا تھا کہ سندھ، پاکستان کا سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے مگر بدقسمتی سے یہاں کے کئی دیہات گیس کی سہولت سے محروم ہیں، جس ضلع سے گیس نکلتی ہے اس کے 5 کلومیٹرز تک ہر گاؤں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں نئی گاج ڈیم کا منصوبہ ایک پرانا منصوبہ ہے جس کی تعمیر کے لیے حکومت سندھ نے اپنا حصہ ڈالنے سے انکار کردیا،
وزیر اعظم نے کہا کہ اس منصوبے کو ہم خود مکمل کریں گے جس سے 28 ہزار 800 ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گھوٹکی ضلع کے لیے نکاسی آب کا منصوبہ بھی شامل ہے جس سے ضلع کا دہائیوں پرانا مسئلہ حل ہوجائے گا، ماحولیاتی نظام کی بہتری کے لیے منصوبہ شامل ہے جس سے 2 لاکھ ایکڑ کی بحالی اور ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے نوجوان پروگرام کے تحت ایک ہزار نوجوان 4.8 ارب کا قرضہ حاصل کر سکیں گے، ڈیجیٹل اسکل ٹریننگ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ 52 فیصد طلبہ کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی ممکن ہوگی۔
اسد عمر نے کہا کہ نادرا این آر سیز کے ذریعے 50 لاکھ مقامی افراد مستفی ہوں گے، 14 پاسپورٹ دفاتر کی اپ گریڈیشن کی جائے گی جس سے 2 لاکھ افراد کو پاسپورٹ کے حصول کی سہولت میسر ہوگی اور ہر شخص اپنے ہی ضلع میں پاسپورٹ حاصل کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ 3 جی اور 4 جی کی سہولت دی جائے گی جس سے 37 لاکھ آبادی مستفید ہوگی، 12 لاکھ افراد آپٹک فائبر کیبل نیٹ ورک سے فائدہ اٹھائیں گے۔