سوئی ناردرن گیس نے کریک ڈائون کے دوران مزید 7187گیس کنکشن منقطع کردیئے

سوئی ناردرن گیس

لاہور۔24ستمبر (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران مزید 7187گیس کنکشن منقطع اور گیس چوری میں ملوث افراد پر 55.2ملین سے زائد کے جرمانے عائد کردیے گئے۔

ترجمان سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اتوار کو جاری رپورٹ میں بتایا کہ سوئی ناردرن گیس نے پشاور میں میٹر سے چھیڑ چھاڑ، گیس کے براہ راست استعمال اور غیر قانونی کنکشن پر 65کنکشن منقطع کئے اور گیس چوری پر190680 کے جرمانے عائدکئے جبکہ گیس چوروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں 4ایف آئی آر بھی درج کرا دی گئی ہیں،

راولپنڈی میں ریجنل ٹیم نے 7گیس کنکشن منقطع کئے اور گیس چوروں کو 110000جرمانہ کیا، مردان میں میٹر سے چھیڑ چھاڑ پر 4گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوروں کو 529000 کے جرمانے کئے،اسی طرح سیالکوٹ میں ریجنل ٹیم نے 9 کنکشن اور سرگودھا میں ریجنل ٹیم نے 6کنکشن منقطع کئے اور گیس چوری کرنے والوں کو 12897روپے کے جرمانے عائد کئے، گوجرانوالہ میں ریجنل ٹیم نے 13گیس کنکشن منقطع کئے اور گیس چوری کی مد میں 178000کے جرمانے عائد کیے گئے، گجرات میں 2 کنکشن منقطع کئے گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 2کنکشن منقطع کئے گئے، ساہیوال میں گیس لائن کی غیر قانونی منتقلی پر6کنکشن منقطع کئے گئے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ریجن نے گیس چوری پر77000کے جرمانے بھی عائد کئے۔ فیصل آباد میں ریجنل ٹیم نے کریک ڈائون کے دوران 12کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوروں کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایک ایف آئی آر بھی درج کرائی، ریجن نے گیس چوری پر143012کے جرمانے بھی عائدکئے۔ لاہور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر15کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں 6 مقدمات درج کرائے گئے،

بہاولپور میں ریجنل ٹیم نے کمپریسر کے استعمال پر 10جبکہ گیس کے غیر قانونی استعمال پر1کنکشن منقطع کیا، ملتان میں ریجنل ٹیم نے کمپریسر کے استعمال پر 21گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ 118000کے جرمانے بھی عائد کئے جبکہ شیخوپورہ میں گیس کے براہ راست استعمال اور غیر قانونی توسیع پر 6کنکشن منقطع کردیئے گئے۔