سپورٹس بورڈکے زیر اہتمام پنجاب کی تمام تحصیلوں میں سپورٹس کلبزکی رجسٹریشن شروع، آخری تاریخ5 دسمبرمقرر کر دی گئی

Sports Board Punjab

فیصل آباد۔ 30 نومبر (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام پنجاب بھر کی تمام تحصیلوں میں صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار سپورٹس کلبزکی رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس میں چند روز کے دوران ہزاروں کلبز کی رجسٹریشن عمل میں لائی جا چکی ہے اور جن کلبز نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کروائی ان کیلئے رجسٹریشن فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ5 دسمبرمقرر کی گئی ہے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ بورڈ کے آئین کے آرٹیکل2(آر) کے تحت تمام کلبز کا سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ رجسٹر ہونا لازمی ہے لہٰذا تمام ضلعی اور تحصیل لیول کے کلبز گورنمنٹ کی گرانٹس کی فراہمی،باقاعدگی کے ساتھ ٹرائلز اور مقابلوں،کھلاڑیوں کیلئے وظائف، انعامات اور کھیلوں کے میدان و دیگر سہولیات کی مفت فراہمی کیلئے فوری اپنی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ کلبزکی رجسٹریشن کا فارم اور سپورٹس گیمزکی مکمل تفصیلات سپورٹس بورڈ پنجاب کی ویب سائٹ sportsboard.punjab.gov.pk اور متعلقہ تحصیل سپورٹس آفیسرز کے دفاتر سے حاصل کی جا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ کلبزکی رجسٹریشن کروانے کیلئے آخری تاریخ 5 دسمبر مقرر کی گئی ہے جس کے بعد کوئی فارم قبول نہیں کیا جا ئے گا۔