استنبول ۔18اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری، بالخصوص مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر عملی اقدامات اٹھائیں اور فلسطینی عوام کے لیے آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کی راہ ہموار کریں۔ خاموشی ظلم کی حمایت کے مترادف ہے اور یہ وقت ہے کہ انصاف، انسانیت اور عالمی ضمیر کو جگایا جائے۔ جمعہ کو یہاں فلسطین کی صورتحال پر ترکیہ میں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کا امتحان ہے۔
پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے استنبول میں ترکیہ کے سپیکر کی زیر صدارت فلسطین کی نازک صورتحال پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین عالمی مسئلہ ہے جو عالمی ضمیر کے لیے ایک مسلسل چیلنج بنا ہوا ہے۔ فلسطین کا مسئلہ صرف ایک سیاسی، مذہبی یا ثقافتی نوعیت کا معاملہ نہیں بلکہ ایک سنگین انسانی بحران ہے، جو جدید دور میں نسل کشی کی شکل اختیار کر چکا ہے اور عالمی اخلاقی اقدار کے لیے کسی المیہ سے کم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں سے فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی حق، یعنی حق خود ارادیت، سے محروم رکھا جا رہا ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین پر قابض اسرائیلی افواج کے مظالم کو روکنے میں ناکام نظر ا ٓ رہی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی جائز جدو جہد کیلئے غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ حمایت وقتی یا محدود نوعیت کی نہیں بلکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا تاریخی اور بنیادی جزو ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے یاد دلایا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی تقسیم فلسطین کے اقوام متحدہ کے منصوبے کی مخالفت کی تھی۔سردار ایاز صادق نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت نے اب تک ہزاروں معصوم بچوں، بوڑھوں، خواتین، طبی عملے کے اراکین کی جانیں لی ہیں اور ہزاروں لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر جبیلیا میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام اہسپتال پر بمباری کو بدترین ظلم قرار دیا، جہاں 700 سے زائد افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی عالمی قوانین کے مطابق جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہے، اور اسرائیل کو اس پر جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی عدالت انصاف پہلے ہی اسرائیلی وزیر اعظم اور سابق وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے، مگر اس کے باوجود ظلم کا سلسلہ جاری ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے متحدہ قراردادیں منظور کیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہیں۔
انہوں نے اقوام عالم کو فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان 1967 کے سرحدی معاہدے کے تحت آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر فلسطین کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی عوام دعا گو ہے کہ فلسطین میں امن، انصاف اور آزادی کا سورج جلد طلوع ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584348