سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے اقوام متحدہ اور امریکہ سے وفود پاکستان آرہے ہیں ، شازیہ مری

کراچی ۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیربرائےتخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بارش اور سیلاب کے لئے ایک کھرب 33 ارب روپے کا چندہ اکٹھا کیا ہے جبکہ متاثرین کی مدد کیلئے اقوام متحدہ اور امریکہ سے وفود پاکستان آ رہے ہیں۔

ہفتہ کو جاری بیان میں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب اور شدید بارشوں کی صورتحال ہے لیکن عمران خان کی ڈکشنری میں انسانیت کا کوئی لفظ نہیں ہے، بلاول بھٹو زرداری نے درست کہا ہے کہ عمران خان پہلے انسان بنے پھر ایک سیاستدان بننے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوام سیلاب اور بارشوں کے باعث مشکلات کے شکار ہیں جبکہ عمران خان محفل موسیقی کر رہے ہیں ۔شازیہ مری نے کہا کہ بارش اور سیلاب غریب عوام کی خوشیاں اور خوشحالی بہا کر لے گیا ہے۔ شازیہ مری نے کہا ہے کہ تین کروڑ سے زیادہ پاکستانی بارش اور سیلاب سے بے گھر ہو چکے ہیں ۔