سیکرٹری جنرل او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے جموں وکشمیر یوسف محمد الدوبے کی قیادت میں وفد کی سینئر وزیرکرنل (ر) وقار احمد نور سے ملاقات

OIC
OIC

مظفرآباد ۔13اکتوبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں وکشمیر ایمبسیڈر یوسف محمد الدوبے کی قیادت میں اسلامی تعاون تنظیم کے وفد نے مظفرآباد میں آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے موسٹ سینئر وزیرکرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی ایمبسیڈر یوسف الدوبے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، تمام اسلامی ممالک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، او آئی سی کبھی بھی کشمیر کے حوالہ سے اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور اس ایشو کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ او آئی سی ہیڈکوارٹرز میں ہر سال کشمیر کے حوالہ سے نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ہمارے آزادکشمیر کے دورے کا مقصد یہاں لوگوں کو سننا ہے، ایک مہینے بعد او آئی سی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے جس میں اس دورے کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ایل او سی کا دورہ کیا اور وہاں پر لوگوں سے ملاقات کی ہے۔ موسٹ سینئر وزیرکرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے او آئی سی کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوے کہا کہ او آئی سی نے ہمیشہ کشمیریوں کی سپورٹ کی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائی ہے۔

او آئی سی سیکرٹری جنرل نے ہندوستان کے پانچ اگست2019 کے اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ سے کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کررہے ہیں، او آئی سی کے آمدہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے، بے گناہ کشمیریوں کی رہائی اور استصواب رائے کے حوالہ سے خصوصی فوکس کیا جائے۔

موسٹ سینئر وزیر نے کہاکہ پانچ اگست2019 کے اقدام کے بعد ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کو مختلف حصوں میں تقسیم کر دیا تاکہ وہاں کی ڈیمو گرافی تبدیل کی جاسکے۔ وقار احمد نور نے کہاکہ ہندوستان نے حریت قیادت کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے، مودی کی سربراہی میں بی جے پی کی حکومت ہندوتوا پر یقین رکھتی ہے۔

کتنا اچھا ہوتا کہ ہندوستان او آئی سی کے وفد کو مقبوضہ کشمیر جانے کی دعوت دیتا اور آپ وہاں جا کر خود حالات کا جائزہ لیتے۔ موسٹ سینئر وزیرنے کہاکہ آزادکشمیر میں اسوقت جمہوری حکومت ہے۔ انہوں نے کہاکہ زلزلہ کے بعد سعودی عرب سمیت دوست ممالک نے بحالی میں بھرپورکردار ادا کیا اور کشمیریوں کی سپورٹ کی جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔