24.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 24, 2025
ہومتجارتی خبریںسیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اپنی ٹیم کےہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس...

سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اپنی ٹیم کےہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کا دورہ

- Advertisement -

سیالکوٹ۔1اگست (اے پی پی):سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)ڈاکٹرفرید اقبال قریشی نے اپنی ٹیم کےہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے صدر چیمبر کا کہنا تھا کہ ہم سیکرٹری (ٹی ڈی اے پی)اور انکے ہمراہ آنے والے ٹیم ممبرز کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیکرٹری (ٹی ڈی اے پی)اور انکی ٹیم کے بے حد ممنون ہیں کہ وہ چیمبر تشریف لائے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ملکی برآمدات کے فروغ اور برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہےجس پر سیالکوٹ کی تاجر برادری انکی بے حد ممنون ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ٹی ڈی اے پی کی سیالکوٹ چیمبر آمد اسی بات کی غماز ہے کہ باہمی اعتماد و تعاون کا یہ سفر آنے والے وقت میں مزید مستحکم ہو گا۔

- Advertisement -

صدر چیمبر کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ چیمبر کے پلیٹ فارم سے اب تک کئی ممالک کے لیے تجارتی وفود بھیجنے کا اہتمام کیا جا چکا ہےاور اس میں کوئی دورائے نہیں کہ ٹی ڈی اے پی آفس سیالکوٹ نے تجارتی وفود و ٹریڈ ایگزیبشنز میں شمولیت سمیت دیگر معاملات میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ ٹی ڈی اے پی سیالکوٹ کی برآمدی مصنوعات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تشہیر و فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

صدر چیمبر نے سیکرٹری ٹی ڈی اے پی سے سیالکوٹ کی تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل بارے بھی تبادلہ خیال کیا جس پر سیکرٹری ٹی ڈی اے پی نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)ڈاکٹر فرید اقبال قریشی نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا اور سیالکوٹ کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھی سیالکوٹ کا پانی پی رکھا ہے اور 1993ء میں سیالکوٹ سے ہی اپنے کیرئیر کا آغاز کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ سیالکوٹ کے لوگ بہت محنتی ہیں۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ٹی ڈی اے پی) ملکی صنعت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں اہم و ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم سیالکوٹ میں ایکسپو سینٹر بھی بنا رہے ہیں جسکے لیے حکومت پنجاب سے ڈسکہ روڈ پر جگہ کا مطالبہ کر رکھا ۔ سیکرٹری ٹی ڈی اے پی ڈاکٹر فرید اقبال قریشی نے تاجر برادری کے مسائل بھی سنے اور ان کے تفصیلی جوابات بھی دئیے۔ ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان خالد رسول، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر زین العابدین، اسسٹنٹ مینجر جواد احسن خواجہ، سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وہب جہانگیر، نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عامر مجید شیخ ، ایگزیکٹو رکن خرم اسلم بٹ، صدر وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سیالکوٹ ڈاکٹر مریم نعمان، نائب صدر گلزیب وقاص اور ایگزیکٹو ممبر نادیہ قیصر سمیت سیالکوٹ کی تاجر برادری کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=377316

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں