صحت کارڈ فلاحی ریاست کے قیام کی طرف تاریخی قدم ہے،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

اسلام آباد ۔7جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ صحت کارڈ ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کے قیام کی طرف تاریخی قدم ہے۔

فرخ حبیب نے جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں کہاکہ پہلے محدود وسائل والے پاکستانی جو پرائیویٹ ہسپتالوں میں بہترین علاج کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے، اب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شروع کئے گے صحت کارڈ سے ہر خاندان سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کروا سکتاہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے مزید کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا پروگرام میرا پاکستان میرا گھر ہر پاکستانی کا خواب ہے جو بہت تیزی سے شرمندہ تعبیر ہونا شروع ہوگیا ہے، کم لاگت 3 مرلہ ، 5 مرلہ ، 10 مرلہ گھروں کے لئے بینکوں نے 120 ارب کے قرضہ منظور کردئیے ہیں جبکہ 38 ارب روپے کے قرض بینکوں نے تقسیم کردئیے ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی شبانہ روز محنت کی بدولت ہائوسنگ اور کنسٹرکشن سیکٹر کے لئے بینکس کے قرضہ 355 ارب روپے تک پہنچ گئے جو کہ دسمبر 2020 سے 163 ارب یعنی 85 فیصد زیادہ ہے۔ جس سے ہائوسنگ اور کنسٹرکشن کے ساتھ منسلک 120 سے زائد صنعتوں کے کاروبار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔