اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہداکو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے 6 ستمبر کو اوستئی پوسٹ کالاش ایریا اور جنگریٹ کوہ چترال میں حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاسے ٹیلی فون پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے
وطن کےلئے قربانی پر شہدااور ان کے خاندانوں کا قوم کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے لانس نائیک ذوالفقار علی اور سپاہی شہزادہ اورنگزیب کے ورثا سے فون پر اظہارِ افسوس کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے لانس نائیک شیر نواز اور لانس نائیک شاکر اللہ کے لواحقین سے بھی رابطہ کیا۔
صدر مملکت نے شہداکے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور ان کے صبر جمیل کے لئے دعا کی۔ صدر مملکت نے شہداکےلئے بلندی درجات کی دعا کی اور وطن کےلئے ان کی خدمات کو سراہا۔