عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، سعودی عرب

Saudi Arabia
Saudi Arabia

بیجنگ۔21نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو غزہ میں اسرائیل کی جانب سے ہونے والی خلاف ورزیوں کو روکنے کی ذمہ داری اٹھانا ہو گی۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے بیجنگ میں چین اور اسلامی و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران غزہ میں جنگ روکنے اور زندگیوں کو بچانے کے لیے عالمی برادری کی مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم یہاں بالکل واضح پیغام دینے کے لئے آئے ہیں جو یہ ہے کہ لڑائی اور اموات کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

ہمیں بغیر کسی تاخیر کے غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل ممکن بنانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم چین اور ان تمام ممالک کے ساتھ تعاون کے خواہش مند ہیں جو غزہ میں جنگ کے خاتمے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔انہوں نے 12 ہزار سے زائد افراد کی اموات کا باعث بننے والی غزہ میں جاری جارحیت کے خاتمے کے لیے عالمی سطح کے ایکشن پلان کی ضرورت کی جانب اشارہ کیا۔

واضح رہےچین میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں سعودی عرب سمیت اردن، مصر، انڈونیشیا، فلسطین اور اسلامی تعاون تنظیم کے اعلیٰ عہدے دار شریک ہیں۔