نیویارک۔19ستمبر (اے پی پی):امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ عالمی تنازعات سے دنیا کی ایک بلین آبادی متاثر ہو رہی ہے، عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے دنیا کے ساتھ مل کر چلنا ہوگا،امریکہ دنیا کی بھلائی اور فلاح و بہبود کے حوالے سے اقوام متحدہ کے مختلف منصوبوں میں بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ بطور امریکی صدر اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہوں، عالمی چیلنجز سے کوئی ملک تنہانہیں نمٹ سکتا،عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے دنیا کے ساتھ مل کر چلنا ہوگا ،موجودہ مسائل کےحل کیلئےمشترکہ کوششیں درکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تنازعات سے دنیا کی ایک بلین کے قریب آبادی متاثر ہو رہی ہے، اقوام متحدہ دنیا میں امن کے قیام کے لئے اپنا کردار جاری رکھے، دنیا میں اقوام متحدہ کے مختلف منصوبے امن سمیت مختلف شعبوں کی بہتری کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کے فعال اور متحرک کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی حدت کو روکنے کے لئے گرین ہائوس گیسز کے اخراج میں کمی کے لئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر موثر لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کو قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،
انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ کشیدگی نہیں بلکہ ذمہ دارانہ مسابقت چاہتے ہیں،تعاون اور شراکت داری سے ہی تنازعات سے بچنا ممکن ہے،اقوام متحدہ دنیا کے امن کے لئے اپنے کردار کو جاری رکھے۔ جوبائیڈن نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کےمثبت استعمال کی نہ صرف حوصلہ افزائی کریں گے بلکہ اس کے ذمہ دارانہ استعمال کوفروغ دیں گے۔