عالمی معیشت میں ملک کی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی سے واقف افرادی قوت ضروری ہے، معاون خصوصی مشعال حسین ملک کا انوویشن ایکسپو فیوچر فیسٹ 2024 سے خطاب

Mashal Hussain Malik
Mashal Hussain Malik

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ جدت، سرمایہ کاری اور معیشت میں نوجوانوں کی فعال شمولیت ملک کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔ منگل کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وہ لاہور میں انوویشن ایکسپو فیوچر فیسٹ 2024 سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر معاون خصوصی کی فوکل پرسن سبین حسین ملک اور مشیر وقاص بنوری بھی موجود تھے۔ ایکسپو میں کاروباری افراد نے مختلف صنعتوں اور خدمات پر محیط جدید پروڈکٹس، آلات اور آئیڈیاز کی نمائش کی۔ مشعال حسین ملک کو فیوچر فیسٹ کی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا جس میں 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری، 30,000 ملازمتیں اور ایجادات پر مبنی روڈ شو کا انعقاد شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فیوچر فیسٹ نے قابل ستائش سنگ میل حاصل کیے ہیں، فیوچر فیسٹ کی جانب سے 200 ملین ڈالر سے زیادہ کی براہ راست سرمایہ کاری حاصل کرنے کی کوششیں ملک کی مختلف صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجیز، سٹارٹ اپس اور پراجیکٹس کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے فیوچر فیسٹ کے زیر اہتمام انوویشن روڈ شو کو سراہا جس میں 40 شہروں اور 80 یونیورسٹیوں کے کاروباری افراد، سٹارٹ اپس، انڈسٹری لیڈرز اور ٹیکنالوجی کے شوقین افراد شریک ہوئے۔مشعال حسین ملک کو پاکستان کے تکنیکی میدان میں شہزادہ فہد بن منصور کی سرمایہ کاری سے آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہزادہ فہد بن منصور کا ٹیک ہائوس کے قیام کے لیے 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان ہمارے ملک میں جدت اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ ایجادات اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے قوم کی ترقی میں جدید ٹیکنالوجی کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے ابھرتی ہوئی عالمی معیشت میں ملک کا الگ مقام حاصل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی سے واقف افرادی قوت ضروری ہے۔

انہوں نے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو پہچاننے اور اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے فیوچر فیسٹ کی تعریف کی۔ انہوں نے فیوچر فیسٹ کے دس لاکھ نوجوانوں کو مفت آن لائن آئی ٹی ٹریننگ فراہم کرنے کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف نوجوانوں کو مختلف سکلز سکھا کے بااختیار بنائے گا بلکہ ملک کی ٹیکنالوجیکل ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور انوویٹرز و کاروباری افراد سے بات چیت کی ۔ انھوں نے ایکسپو میں نمائش کے لیے پیش کیے گئے جدید آئیڈیاز اور ٹیکنالوجیکل مصنوعات کا مشاہدہ کیا۔