عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،ڈی جی ایف ڈی اے

DG FDA
DG FDA

۔فیصل آباد 10 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا لہذا اعلیٰ کوالٹی کے میٹریل سمیت تمام تر تکنیکی و فنی تقاضوں کا بخوبی خیال رکھا جائے جبکہ اس سلسلے میں حتمی تکمیل تک کڑی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات ایف ڈی اے کی نگرانی میں زیر تعمیر شہری ترقی کے میگا پراجیکٹ عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرچیف انجینئر مہر ایوب، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر اقبال ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے طارق آباد سے جھمرہ روڈ تک جاری مختلف تعمیرات کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار و معیار پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ تعمیراتی اہداف مقرر کرکے انہیں حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں تاکہ یہ اہم ترقیاتی منصوبہ جلد مکمل کرکے شہریوں کو اس کے ثمرات سے مستفید کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے بقایا فنڈز کے حصول کے لئے محکمانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں تاہم اس کی تعمیراتی سرگرمیوں میں کمی یا کوئی تعطل نہیں آنا چاہیے۔

انہوں نے بلا ناغہ شب و روز تعمیراتی کام جاری رکھنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے تعمیراتی کمپنی کے انجینئرز/نمائندوں اور خصوصی طور پر تمام ورک فورس کی عزم و ہمت کی داد دی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ایف ڈی اے کے زیر اہتمام شہری ترقی کے منصوبوں میں وسعت لانے کے لئے پرعزم ہیں اس سلسلے میں مستقبل کے تقاضوں ہم آہنگ منصوبہ سازی کی جارہی ہے۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب نے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کی تعمیراتی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ جھمرہ روڈ کی جانب گرڈرز کی تنصیبات کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں ۔