عوام میں تحقیق کے رجحان کو فروغ دینا ہوگا، مرتضیٰ سولنگی

Murtaza Solangi

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عوام میں تحقیق کے رجحان کو فروغ دینا ہوگا، ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں نوجوانوں میں علم کے فروغ کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن نے ڈسپلے سینٹر قائم کر کے بہترین کاوش کی ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن (DEMP) کی جانب سے قائم کردہ پہلے ڈسپلے سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن 2012ءمیں دو اداروں کے انضمام سے قائم ہوا، ڈائریکٹوریٹ آف فلم پبلی کیشن پاکستان بننے سے پہلے موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن بہت ہی نایاب قسم کی کتب اور تصاویر شائع کر رہا ہے۔ اس ادارے کی پبلی کیشنز قائداعظم کے مزار، شکر پڑیاں، لوک ورثہ اور عام مارکیٹ میں بھی دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ DEMP کے ڈسپلے سینٹر دیگر مقامات پر بھی قائم کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب لوگوں میں پڑھنے لکھنے اور تحقیق کا رجحان کم ہو رہا ہے، اس ادارے نے عوام میں تحقیق کے رجحان کو فروغ دیا، ڈسپلے سینٹر کے قیام کے لئے DEMP کی پوری ٹیم نے بہت محنت کی اور قلیل وقت میں ڈسپلے سینٹر کے قیام کو ممکن بنایا جس پر اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلے سینٹر میں رکھی جانے والی کتابیں اور پبلی کیشنز اعلیٰ معیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں نوجوانوں میں علم کا فروغ ناگزیر ہے۔