فخرزمان نے پاکستان کی جانب سے ورلڈکپ میچ میں تیزترین سنچری اورزیادہ چھکوں سمیت کئی ریکارڈز اپنے نام کر لئے

فخرزمان نے پاکستان کی جانب سے ورلڈکپ میچ میں تیزترین سنچری اورزیادہ چھکوں سمیت کئی ریکارڈز اپنے نام کر لئے

بنگلورو۔4نومبر (اے پی پی):جارح مزاج اوپننگ بیٹر فخرزمان نے پاکستان کی طرف سے ورلڈکپ میچ میں تیزترین سنچری اور زیادہ چھکوں سمیت کئی ریکارڈز اپنے نام کر لئے، انہوں نے ہفتہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ورلڈکپ میچ میں شاندار سنچری بنا کر یہ سنگ میل عبور کئے،

فخرزمان نے کیویز کے خلاف میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر سنچری بنا کر ملک کی طرف سے تیز ترین سنچری بنانے کا سابق بیٹر سلیم ملک کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 1987 ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں 95 گیندوں پر سنچری سکور کی تھی، اس کے ساتھ ساتھ فخرزمان نے ورلڈکپ میچ میں ایک اننگز میں زیادہ چھکے لگانے کا سابق ہم وطن بیٹر عمران نذیر کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا،

فخر نے اننگز میں 11 چھکے لگا کر یہ کارنامہ سرانجام دیا جبکہ عمران نذیر نے 2007 ورلڈکپ میں زمبابوے کے خلاف میچ میں 8 چھکے لگا رکھے تھے، اس کے ساتھ ساتھ فخر زمان ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے ہیں، فخرزمان رواں ورلڈکپ میں اب تک 18 چھکے لگا چکے ہیں، عبداللہ شفیق رواں ورلڈکپ میں اب تک 9 چھکے لگا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں،

عمران نذیر نے 2007 ورلڈکپ میں 9 چھکے لگائے تھے۔ اس کے علاوہ فخرزمان نے ون ڈے انٹرنیشنل اننگز میں زیادہ چھکوں کا سابق ہم وطن بیٹرشاہدخان آفریدی کا 27 سال پرانا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے، شاہدآفریدی نے 1996 میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اننگز میں 11 چھکے لگا کر ملکی ریکارڈ پر قبضہ جما رکھا تھا،

فخرزمان ون ڈے انٹرنیشنل اننگز میں دو مرتبہ 10یازائد چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ اے بی ڈی ویلیئرز، مارٹن گپٹل، روہت شرما اور جوزبٹلر کے ہم پلہ بھی ہو گئے ہیں، ان کھلاڑیوں کو بھی دو، دو مرتبہ اننگز میں دس یازائد چھکے لگانے کا اعزاز حاصل ہے،

ون انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ مرتبہ اننگز میں دس یا زائد چھکے لگانے کا عالمی اعزاز سابق ویسٹ انڈین بیٹر کرس گیل کو حاصل ہے جنہوں نے چار مرتبہ یہ سنگ میل عبور کر رکھا ہے۔