فرانس اور جاپان نے بھی یواین آر ڈبلیو اےکی امداد روک دی

فرانس اور جاپان نے بھی یواین آر ڈبلیو اےکی امداد روک دی

پیرس۔29جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین ( یواین آر ڈبلیو اے)کے بعض ملازمین پر اسرائیل پر حملے میں ملوث ہونے کے الزامات کے بعد فرانس اور جاپان نے بھی فنڈز روک دیئے ۔ العربیہ اردو کے مطابق دیگر ممالک کی طرح فرانس نے بھی یواین آر ڈبلیو اے کی امداد موجودہ سال کی سہ ماہی کے لیے معطل کردی ہے۔فرانسیسی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ 7 اکتوبر کے حملوں میں یواین آر ڈبلیو اےملازمین کی شرکت سے متعلق معلومات بہت سنگین ہیں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے واضح طور پر ان کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یو این ریلیف ایجنسی کے ملامین کا اسرائیل پرحملے میں کردار افسوسناک ہے، ان معلومات کے سامنے آنے کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کن کارروائی کرنے کی فوری ضرورت ہے،ہم توقع کرتے ہیں کہ حالیہ دنوں میں شروع ہونے والی تحقیقات میں اسرائیل پر حملوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔دوسری جانب جاپان نے کہا ہے کہ وہ بھی ان دوسرے ممالک کے ساتھ شامل ہو رہا ہے جنہوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے قائم اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یواین آر ڈبلیو اےکے لیے فنڈز روک دیئے ہیں۔

جاپان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ جاپان یواین آر ڈبلیو اےکے ایڈیشنل فنڈز کو روک رہا ہے اور یہ اس وقت تک روکے رکھے گا جب تک کہ اقوام متحدہ میں اس سلسلے میں تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں اور کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جاپان غزہ میں انسانی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں اس دوران بھی جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ ان ممالک نے یہ کارروائی اس الزام کی تحقیقات سے بھی قبل کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ یواین آر ڈبلیو اےکے 12 کارکنوں نے7اکتوبر کے حملے میں اسرائیل کے خلاف حصہ لیا تھا۔اسرائیل کی طرف سے اس الزام کےبعد یواین آر ڈبلیو اےنے اپنے 9 کارکنوں کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے، ان میں ایک ہلاک ہو چکا ہے جبکہ دو کی شناخت اور تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

یواین آر ڈبلیو اے نے اپنے کارکنوں کے خلاف یہ اقدام کرنے کے ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ان کے خلاف آزادانہ اور جامع تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تحقیقات شروع ہونے سے قبل ہی امریکا اور بعض دیگر ممالک کی طرف سے یواین آر ڈبلیو اےکے فنڈز روکے جانے پر ایک تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔

جس میں یواین آر ڈبلیو اےکی طرف سے شروع کی گئی تحقیقات اور اب تک کی کارروائی کا بھی ذکر ہے،تاہم انہوں نے فنڈ روکنے والے ممالک سے اپیل کی کہ وہ یواین آر ڈبلیو اےکے فنڈز کو نہ روکیں۔