فیصل آباد۔ 19 ستمبر (اے پی پی):پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے فیصل آباد میں چینی وآٹا کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف پونے 2 ماہ میں 732 چھاپے مار کر 13گودام سیل اور 4 ذخیرہ اندوز گرفتار کر کے 7 لاکھ 76 ہزار 700 روپے جرمانہ عائد کیا نیز ایک ماہ میں مختلف گوداموں اور دکانوں سے چینی کی ذخیرہ کی گئی3930 بوریاں اور آٹا کے 650 تھیلے ضبط کئے گئے۔ترجمان فیصل آباد ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مسلسل اپنی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ شہریوں کو مقررہ قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے اور ذخیرہ اندوزوں وناجائزمنافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کمشنر فیصل آبادسلوت سعید اور ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کوہدایت کی ہے کہ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھی جائے اور صارفین کو ریلیف ملنا چاہیے ۔ کارروائیوں کے دوران 15 مقدمات درج کیے گئے۔