فیصل آباد چیمبر کے118سیکٹرزو سب سیکٹرزکے ممبران کی تعداد9300سے تجاوز کرگئی،قائم مقام صدر

Faisalabad Chamber of Commerce and Industry
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry

فیصل آباد۔ 28 فروری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا ہے کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے118سیکٹرزو سب سیکٹرزسے تعلق رکھنے والے ممبران کی تعداد9300 سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر بھی ان کے مسائل کے حل اور انہیں تمام ممکن کاروباری سہولیات کی فراہمی کےلئے بھرپور کردار ادا کررہا ہے کیونکہ اگر کاروبارچلیں گے تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد پنجاب کا سب سے بڑا جبکہ ملک کا دوسرا بڑا صنعتی شہر ہے جو ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 60فیصد کا حصہ ڈالنے کے علاوہ 40فیصد لوگوں کو روزگار فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر اپنے ممبران کے مسائل وفاقی، صوبائی، ڈویژنل وضلعی سطح پرحل کرانے کےلئے ہر ممکن کوششیں کرتا ہے جبکہ فلاحی کاموں میں بھی تاجربرادری بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے دوران ان کے ممبران نے متاثرین کے تباہ حال گھروں کی دوبارہ تعمیر میں بھی بھرپورکردار ادا کیا۔ انہوں نے جامعہ زرعیہ اور دیگر زرعی تحقیقی اداروں کا بھی ذکر کرتے ہوئےکہا کہ یہ زرعی شعبہ کی ترقی کےلئے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن کاروباری اور تاجر حضرات نے ابھی تک فیصل آباد چیمبر کی ممبر شپ حاصل نہیں کی وہ ہر صورت چیمبر کی رکنیت حاصل کریں۔ انہوں نے تمام ممبران کو 31 مارچ تک اپنی رکنیت کی تجدید کرانے کی بھی ہدایت کی۔