دوحہ۔24نومبر (اے پی پی):بیلجیم نے کینیڈاکو 22 ویں فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایف کے پہلے میچ میں ہرا کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔بیلجیم نے سخت مقابلے کے بعد کینیڈین حریف ٹیم کو 0-1 گول سے شکست دی اور گروپ ایف میں تین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔مچی باتشوائی نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ احمد بن علی سٹیڈیم، الریان میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کےبارہویں میچ میں گروپ ایف کی ٹیمیں بیلجیم اور کینیڈا آمنے سامنے تھیں جس میں بیلجیم کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد کینیڈا کی ٹیم کو 0-1 گول سے شکست دے دی۔
بیلجیم کی ٹیم کے کھلاڑی مچی باتشوائی نے میچ کے 44 منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی ۔ کینیڈین ٹیم نے میچ میں گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکی۔ کینیڈا کے کھلاڑی رچی لاریہ کومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔