قازقستان کے8رکنی تجارتی وفدکا فیصل آبادچیمبرکا دورہ،دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لیے مقامی درآمد و برآمد کنندگان سے تبادلہ خیال کیا

قازقستان کے8رکنی تجارتی وفدکا فیصل آبادچیمبرکا دورہ،دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لیے مقامی درآمد و برآمد کنندگان سے تبادلہ خیال کیا

فیصل آباد۔ 19 ستمبر (اے پی پی):قازخستان کے 8رکنی تجارتی وفد نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کا دورہ کیا اور دو طرفہ تجارت بڑھانے کےلئے مقامی درآمد و برآمد کنندگان سے تبادلہ خیال کیا۔ وفد کے سربراہ ارامکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا پاری نوویرمک نے کہا کہ اس وفد کے دورے کا مقصد گندم، چنے، سورج مکھی، پٹرولیم مصنوعات، گیس، تارکول، گندھک او ر پٹرولیم کوک سمیت دیگر اشیا کی برآمد بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ فیصل آباد کے سنجیدہ تاجروں سے براہ راست ملاقات کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کی ضروریات کو سمجھ کر معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔ کاپاری نوو یر مک نے کہا کہ وہ تیل دار اجناس کے علاوہ اِن کے بیج بھی فروخت کرتے ہیں۔ اس موقع پر قازخستان کی دیگر کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی اپنی مصنوعات کا تعارف پیش کیا۔ اس سے قبل سینئر نائب صدر چیمبر ڈاکٹر سجاد ارشد نے بتایا کہ فیصل آباد صنعتی، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز ہے اور اس کے تاجر وسط ایشیائی ریاستوں سے اپنے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کےلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قریبی اور برادرانہ تعلقات کے باوجود ہماری دو طرفہ تجارت 1 ارب ڈالر سے کم ہے جسے بڑھانے کےلئے دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کےلئے مشترکہ منصوبے بھی شروع کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، سابق سینئر نائب صدر میاں تنویر احمد، شیخ محمد فاضل، حاجی گلزار احمد، محمد اظہر چوہدری اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔