قومی سطح پر35.4 بلین روپے کی لاگت سے ہیپاٹائٹس پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے،ڈاکٹر ندیم جان

Federal Minister for National Health
Federal Minister for National Health

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیربرائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ 35.4 بلین روپے کی لاگت سے قومی سطح پر ہیپاٹائٹس پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔

منگل کووزارت صحت سےجاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت قومی صحت میں بین الصوبائی وزراءصحت کے اجلاس میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کا بھی اجرا کیا جارہا ہے جس کے وجہ سے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کے تعاون سے 500 بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور مکمل فعالی کا منصوبہ مختصر ترین مدت میں مکمل کیا جارہا ہے اور اس کا بوجھ قومی خزانے پر نہیں ڈالا جائے گا۔

اجلاس میں صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور اہم ترین متفقہ فیصلے کیے گئے جبکہ اجلاس میں تمام صوبوں کے وزرائے صحت اور نمائندگان نے شرکت کی۔