قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایشین گیمز میں ہاکی کے ایونٹ میں بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا،اولیمپین رائو سلیم ناظم

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایشین گیمز میں ہاکی کے ایونٹ میں بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا،اولیمپین رائو سلیم ناظم

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):ہاکی اولیمپین رائو سلیم ناظم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایشین گیمز میں ہاکی کے ایونٹ میں بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں ہاکی کے ایونٹ میں 12 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے پاکستان اور بھارت کو گروپ اے میں جاپان، بنگلہ دیش، سنگاپور اور ازبکستان کے ساتھ رکھا گیا ہے اور گروپ بی میں کوریا، ملائیشیا، چین، اومان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں پاکستان کے پول میں بھارت اور چاپان کی سخت ٹیمیں ہیں اور ان دونوں ٹیموں کے ساتھ پاکستان کا مقابلہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کو ان میں سے ایک کے ساتھ میچ جیتنا بہت ضروری ہوگا اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایشین چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت سے 4 گول سے شکست کھانے والی غلطیوں کو دوبارہ دوہرانا نہیں چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ شہناز شیخ ہیڈ کوچ کے فرائض دو ماہ سے ٹیم کے ساتھ انجام دے رہے ہیں اور ان کے ساتھ شکیل عباسی بھی کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں لیکن دونوں کے ویزے ابھی تک جاری نہیں ہوئے۔

ان حالات میں شہناز شیخ اور شکیل عباسی کا ٹیم کے ساتھ ہونا بہت ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رائو سلیم ناظم نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ کھلاڑیوں کے اس وقت بہت سے مالی معاملات اور مسائل ہیں لیکن امید ہے کہ کھلاڑی ملک و قوم کی خاطر یہ سب کچھ بھلا کر کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کے پاس فنڈز ہونے چاہئے جس سے کھلاڑیوں کی مالی معاونت کی جاسکے۔ آخر پر انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں کہ ٹیم کے کھلاڑی ایشین گیمز میں اچھی کارکردگی دکھا کر میڈل کے ساتھ واپس ملک لوٹیں۔