لیسکو حکام کی بدو پورہ کے علاقے میں بڑی کارروائی، 40 گھروں میں بجلی کی چوری پکڑی گئی

LESCO

لاہور۔15فروری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر لیسکو کے آٹھوں سرکلز میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کردیا گیا ہے۔انجینئر شاہد حیدر نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے دن رات کارروائیاں کی جائیں۔

ترجمان لیسکو کے مطابق اس سلسلے میں ایس ڈی او چوہنگ احمد فراز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بدو پورہ کے علاقے میں آپریشن کیا،دوران آپریشن 40 گھر بجلی چوری کرتے پکڑے گئے، ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔

لیسکو حکام نے تمام غیر قانونی کنکشنز کو منقطع کر کے چوری میں استعمال ہونیوالی تاروں کو قبضے میں لے لیا جبکہ ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ملزمان کو ڈٹیکشن بل چارج کرنے کے لئے محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔