لیسکو کاشالیمار میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن، 19 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے،ترجمان

Crackdown against
Crackdown against

لاہور۔17فروری (اے پی پی):لیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ریجن کے پانچوں اضلاع میں انسداد بجلی چوری مہم تیز کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ہفتہ کے روز ایکسینئن شالیمار کی زیر نگرانی ایس ڈی او واپگہ سراج الدین کاکڑ نے علاقے کے مختلف دیہات میں چیکنگ آپریشن کیا،اس دوران اتوکی اعوان، نروار، واسمیاں اور ملک پور کے علاقوں سے 19 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔

تمام ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، لیسکو حکام نے تمام بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تاریں قبضے میں لے کر تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف5مقدمات بھی درج کرائے گئے۔

لیسکو حکام کی جانب سے ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 20ہزار سے زائد یونٹس بھی چارج کیے گئے ہیں۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم شروع ہونے کے بعد بجلی کی چوری میں واضح کمی آئی ہے تاہم بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔