ابو ظہبی ۔8اپریل (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کا تیسرا جہاز غزہ کےلیے چار ہزار 630 ٹن امدادی سامان لے کر مصرکی بندرگاہ پورٹ العریش پہنچ گیا ۔اردو نیوز کے مطابق بحری جہاز پر چار ہزار218 ٹن خوراک، 370 ٹن شیلٹرز کا سامان اور41 ٹن طبی امداد کے علاوہ چھ پانی کے ٹینک، دو سیپٹک ٹینک اور ایک ڈیزل سٹوریج موجود ہے۔امدادی سامان العریش پورٹ سے رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ بھیجا جائے گا۔ صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان کی ہدایت پرغزہ کے متاثرین کےلیے امدادی مہم چلائی جا رہی ہے۔
اماراتی ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل راشد مبارک المنصوری نے غزہ میں موجود ٹیموں کے ساتھ مل کر تنظیم کی سٹریٹجک منصوبہ بندی پر زور دیا تاکہ انتہائی ضرورت مندوں میں امداد کی موثر طریقے سے تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تنظیم غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی چیلنجزسے نمنٹے کے لیے کام کررہی ہے خاص طور پر فوڈ سکیورٹی اور بنیادی اشیا کی فراہمی پر زور دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ یواے ای کے بحری جہاز کے ذریعے امداد ایسے وقت پہنچی ہے جب امریکی چیرٹی ادارے ورلڈ سینٹرل کچن نے غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں سات امدادی کارکنوں کی ہلاکت کے بعد اپنی سرگرمیاں روک دی ہیں۔اس سے قبل امارات نے پہلے بحری جہاز سے چار ہزار 16 ٹن اور دوسرے بحری جہاز کے ذریعے چار ہزار 303 ٹن امدادی سامان غزہ کے لیے روانہ کیا تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=455327