متحدہ عرب امارات میں مقیم ہر پاکستانی پاکستان کا سفیر ہے، قومی فلاح و بہبود کے مشترکہ مقاصد کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، قونصل جنرل حسین محمد

دبئی۔30جنوری (اے پی پی):دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہر پاکستانی پاکستان کا سفیر ہے، ہم سب کو قومی فلاح و بہبود کے مشترکہ مقاصد کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، قونصل خانہ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان جرنلسٹس فورم (پی جے ایف) کی دعوت پر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (پی اے ڈی) کے دورے کے موقع پر کیا۔

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے پریس سیکشن کے مطابق حسین محمد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہر پاکستانی پاکستان کا سفیر ہے اور ہم سب کو قومی فلاح و بہبود کے مشترکہ مقاصد کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، یہ سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے طرز عمل کے ذریعے اپنے وطن کی مثبت تصویر پیش کریں۔ پی جے ایف کے صدر طاہر منیر طاہر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں قونصل جنرل کو مبارکباد پیش کی اور انہیں فورم کی جانب سے بالخصوص پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پی جے ایف کے اراکین نے ایک تفصیلی سوال و جواب سیشن کے دوران قونصل جنرل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں پی اے ڈی کے قائم کردہ پاکستان میڈیکل سینٹر (پی ایم سی) کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نسیم صابر نے قونصل جنرل کو فلاحی بنیادوں پر مستحق مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات، سہولیات اور خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ طبی سہولت میں اوسطا تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ حسین محمد نے پی ایم سی میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی بے لوث خدمات اور لگن کو سراہا۔