محکمہ زراعت کے زیر اہتمام یوم کاشتکاران برائے کماد و تیلدار اجناس کا انعقاد

محکمہ زراعت کسانوں اور فصلوں کاڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرے گا،نظامت زرعی اطلاعات

فیصل آباد ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت(توسیع)تحصیل سمندری کے زیر اہتمام یوم کاشتکاران برائے کماد و تیلدار اجناس کا انعقاد کیا گیا۔کاشتہ کماد میں تیلدار اجناس کی مخلوط کاشت کے فروغ کیلئے چک نمبر 47 گ۔ب مرکز 45 گ۔ ب میں ترقی پسند کاشتکار راؤ شیر محمد کے ڈیرہ پرمنعقدہ پروگرام میں علاقہ بھر سے کثیر تعداد میں کاشتکاروں نے شرکت کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت توسیع چوہدری خالد محمود نے کسانوں کو کینولہ کی پیداواری ٹیکنالوجی اور اس کے فوائد کے متعلق آگاہ کیا اور زمینداروں کو اس بات پر آمادہ کیا کہ ہر کاشتکار اپنی اور ملکی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے مناسب رقبہ پر کینولہ کاشت کریں تاکہ قیمتی زرمبادلہ بچا کر قوم اور ملک کو خوشحال بنایا جا سکے۔انہوں نے گندم،کماد اور تیل دار اجناس کے قومی منصوبہ جات کے متعلق زمینداروں کو آگاہی دی اورتدارک سموگ کے حوالے سے نگران حکومت کے پاس کردہ قوانین کے متعلق کاشتکاروں کو مطلع کیا گیا۔

ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سمندری حافظ عدیل احمد نے محکمہ کی جانب سے کاشتکاروں کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔زراعت آفیسر (توسیع) ڈاکٹر محمد نعیم نے کماد و تیلدار اجناس اور چارہ جات کی پیداوار میں مثالی اضافہ کے بارے میں زمینداروں کو تفصیلاً بتایا۔زراعت آفیسر (توسیع) مرید والہ اسد سعید نے گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے حوالے سے زمینداروں کو آگاہی دی۔