لندن۔26ستمبر (اے پی پی): نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے اعزاز میں دارالامراء میں لارڈ ضمیر چوہدری نے استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ استقبالیہ میں برطانیہ کی مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد اور پاکستانی برادری کی سرکردہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا اور مشترکہ اقدار اور خواہشات پر مبنی پائیدار پاک برطانیہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر برطانیہ میں پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہا۔
وزیر اعظم نے استقبالیہ کے شرکاء کو اقتصادی و سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے بھرپور عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے، اس سے استفادہ کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے جامع، آزادانہ اور شفاف انتخابی عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جمہوری نظریات کے لئے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔
استقبالیہ تقریب نے مشترکہ مفاد کے معاملات پر تعمیری مکالمے کا بہترین موقع فراہم کیا۔ استقبالیہ کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں وزیراعظم نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے سوالات کے مفصل جواب دیئے۔