مسلح افواج کی عام انتخابات 2024 کے پرامن اور تشدد سے پاک انعقاد پر قوم کو مبارکباد

ISPR
operation by security forces

راولپنڈی۔8فروری (اے پی پی):ملک کی مسلح افواج نے عام انتخابات 2024 کے پرامن اور تشدد سے پاک انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج کوسکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر انتخابی عمل میں مکمل سکیورٹی فراہم کرنے پر فخر ہے،مسلح افواج نے آئینی اختیارات کے تحت انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا،ہمیں پوری امید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ الیکشن پاکستان میں جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنے گااور یہ پاکستانی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عام انتخابات 2024 میں تقریباً 6,000 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر 7800 سے زائد کوئیک رسپانس اور مجموعی طور پر 137,000 فوجی جوانوں اور سول آرمڈ فورسز نے محفوظ ماحول کو یقینی بنایا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں 51 بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں کا مقصد انتخابی عمل کو متاثر کرنا تھا،اس کے باوجود پاک فوج پرعزم رہی اور پورے پاکستان میں امن و سلامتی کو مؤثر طریقے سے یقینی بنایا، ان حملوں میں10 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید اور 39 دیگر زخمی ہوئے، فعال انٹیلی جنس حکمت عملی اور فوری کارروائی کے ذریعےبہت سے ممکنہ خطرات کو ناکام بنایا گیا

جو شہریوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لئے ہماری سیکورٹی ایجنسیوں کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے، مختلف کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گرد بھی مارے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں

جنہوں نے جمہوری عمل کے تحفظ کے لئے مسلح افواج کے ساتھ مل کر کام کیا، ہمیں پوری امید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ الیکشن پاکستان میں جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنے گااور یہ پاکستانی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔مسلح افواج ملک میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہیں اور ہماری ریاست کی جمہوری روایات کے تحفظ کے لئے غیر متزلزل حمایت فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔