مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدرکی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان کا اپنا یجنڈا کچھ نہیں، وہ بہت بڑے ایجنڈے پر ہیں، اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں، ریاست کو اپنے محسنوں کے ساتھ اس طرح نہیں کرنا چاہئے، ملک کی 70 سالہ تاریخ میں قوم کو صرف تین لیڈر ملے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عوام کو بےوقوف بنانے کے لفظ استعمال نہیں کرنے چاہئے تھے، عوام بےوقوف نہیں بنیں گے، یہ وہی عوام ہے جو چوتھی مرتبہ نواز شریف کو وزیراعظم بنانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اپنا کوئی ایجنڈا نہیں وہ خود کسی کے ایجنڈے پر ہیں، دھرنے کے ذریعے چینی صدر کا پاکستان آنے کا راستہ روکا گیا۔ کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ پاکستان کو عمران خان کے ایجنڈے سے بچائے۔ توانائی کے بڑے منصوبے سابق وزیراعظم نواز شریف نے شروع کئے تھے، ان کے جانے کے بعد کاشغر، نیلم جہلم اور دیگر توانائی کے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔