مشکل معاشی حالات کے باوجود پی آئی اے سی ایل کی نجکاری کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا ، وفاقی وزیر فواد حسن فواد

مشکل معاشی حالات کے باوجود پی آئی اے سی ایل کی نجکاری کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا ، وفاقی وزیر فواد حسن فواد

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پی آئی اے سی ایل کی نجکاری کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نجکاری کمیشن اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے لیے تعینات مالیاتی مشیر کے درمیان نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کی موجودگی میں مالیاتی خدمات کے معاہدے (فنانشل سروسز ایگریمنٹ، FASA) پر دستخط ہوئے۔

اس موقع پر نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پی آئی اے سی ایل کی نجکاری کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فنانشل ایڈوائزر پی آئی اے سی ایل کی مجوزہ نجکاری کے لیے قانونی، تکنیکی اور مالیاتی درستگی، ادارے کی تنظیم نو اور منصفانہ قیمت کے تعین کا ذمہ دار ہوگا۔

وفاقی وزیر نے اس امید اور خواہش کا اظہار کیا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود یہ نجکاری کامیابی سے انجام پائے گی۔ انہوں نے فنانشل ایڈوائزر کو اس عمل میں شامل تمام اداروں کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ ان کے کام میں آسانی پیدا ہو اور وہ اپنے کام کو بہترین ممکنہ مفاد میں بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دے سکیں۔