معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے میرپورخاص چیمبر آف کامرس کے صدر عمر شہزاد کی ملاقات

129

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے میرپورخاص چیمبر آف کامرس کے صدر عمر شہزاد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے تجاویز اور خطے میں صنعتی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے یقین دلایا کہ ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کی جانب سے پیش کی گئی بجٹ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

میرپورخاص چیمبر کے صدر نے میرپورخاص میں سمیڈا کے ریجنل دفتر کے قیام کی درخواست کی تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز ) کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ اس اقدام سے مقامی کاروبار کو براہ راست فائدہ ہوگا اور حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت ملک بھر میں بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ہارون اختر خان نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ جلد میرپورخاص چیمبر آف کامرس کا دورہ کریں گے تاکہ مقامی کاروباری برادری کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔یہ ملاقات حکومت کے شمولیتی اقتصادی ترقی کے عزم اور صنعتی پالیسی سازی میں علاقائی چیمبرز کے کلیدی کردار کے اعتراف کی عکاسی کرتی ہے۔