اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ معیاری اور صحت مند خوراک ہر شہری کا بنیادی حق ہے، غیر معیاری خوراک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بڑی رکاوٹ ہے، حکومت کو تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایسی پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو قابل عمل بھی ہو اور صارف کے مفادات کا بھی تحفظ کرے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے بدھ کو اسلام آباد چیمبر ،اسلام آباد انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام غذائی تحفظ کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ ریلی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غذائیت اور غذائی تحفظ کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے معیاری اور صحت مند غذا ضروری ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق،ڈاکٹر جویریہ،فوڈ اینڈ ایگری کلچر فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر افضال بھی ریلی میں شریک ہوئے۔
صدر اسلام آباد چیمبر نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کے دیگر شہروں کیلئے ایک مثال ہے،یہاں خوراک کے حوال سے سٹینڈرڈ ملک کے دیگر علاقوں سے کئی گنا بہتر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کے چند بڑے ممالک میں سے ایک ہے،جتنی بڑی ہماری آبادی ہے ہمارے چیلنجز بھی اتنے ہی زیادہ ہیں، اتنی بڑی آبادی کو معیاری اور صحت مند خوراک کی فراہمی ایک چیلنج ہےجس پر ہم سب مل کر ہی قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات نے جہاں فوڈ سکیورٹی کو متاثر کیا ہے وہیں اس سے فوڈ سیفٹی بھی متاثر ہوئی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے بھرپور طریقے سے فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی نے بہتر کارکردگی کی بدولت اس مسئلے پر کافی حد تک قابو پایا ہے،شہریوں کو معیاری اشیا کی فراہمی یقینی بنانا ہم سب کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ فوڈ کے حوالے سے انٹر نیشنل سٹینڈرز کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس ریلی کا مقصد بھی شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے تعاون پر اسلام آباد چیمبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی چیمبر کے ساتھ آگاہی کے حوالے سے مل کر کام کرے گی۔ریلی میں ایف ٹین مرکز کی مارکیٹ کمیٹی کے صدر احمد خان،جنرل سیکرٹری نعیم اقبال،خالد چوہدری،شہباز چوہان،ضیاچوہدری سمیت دیگر نے شرکت کی۔