لندن ۔ 27 جون (اے پی پی) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی جانب سے3 پاکستانی نوجوانوں کو سماجی خدمات کے صلے میں ”کوئنز ینگ لیڈر“ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بکنگھم پیلس میں ”کوئنز ینگ لیڈرز“ ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی نوجوانوں ہارون یاسین، حسن مجتبیٰ اور ماہ نور سید کو ”کوئنز ینگ لیڈرز“ ایوارڈ دیا گیا۔ تقریب میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ا±ن تمام نوجوانوں کو اعزاز سے نوازا گیا جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کےلئے کوشاں ہیں۔ یہ ایوارڈ کامن ویلتھ گروپ کے رکن ممالک کے ایسے نوجوانوں کی شناخت کرتا ہے جن کی عمر 18 سے 29 برس ہو اور وہ اپنی کمیونٹی میں کسی اہم سماجی کام کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہوں، جو کسی کو جینے کی صحیح راہ اور امید دکھا رہے ہوں۔ واضح رہے کہ پاکستانی نوجوان حسن مجتبٰی زیدی ڈسکورنگ نیو آرٹسٹس کے بانی ہیں جو آرٹ کے ذریعے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں۔ وہ بچوں کو مفت آرٹ ٹریننگ دیتے ہیں اور اس کے ساتھ جو طلباء تعلیمی اخراجات نہیں اٹھاسکتے انہیں تعلیم بھی فراہم کرتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=104070