ملک کے تجارتی خسارے میں دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر39فیصد کمی

تجارتی خسارے

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):ملک کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر39فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان(ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی اور اگست میں پاکستان کے تجارتی خسارے کا حجم 3.948ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 39فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک کے تجارتی خسارے کا حجم 6.524ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اگست میں تجارتی خسارے کا حجم 1.868ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 42فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اگست میں تجارتی خسارے کا حجم 3.224ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔جولائی کے مقابلے میں اگست میں تجارتی خسارے میں ماہانہ بنیادوں پر10فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی میں پاکستان کا تجارتی خسارہ2.08ارب ڈالر رہا جو اگست میں کم ہوکر1.868ارب ڈالر ہوگیا۔

سٹیٹ بینک کےمطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملکی برآمدات کا حجم 4.542ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 8فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی برآمدات کا حجم 4.951ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔اگست میں ملکی برآمدات کا حجم 2.42ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے 2.73ارب ڈالر کے مقابلے میں 11فیصد کم ہے۔جولائی کے مقابلے میں اگست میں ملکی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر14فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

جولائی میں ملکی برآمدات کا حجم 2.12ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جواگست میں بڑھ کر2.42ارب ڈالر ہوگیا۔اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر26فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی اوراگست میں ملکی درآمدات کا حجم 8.490ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں11.475ارب ڈالر تھا۔

اگست میں درآمدات پر4.29ارب ڈالرکا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 28فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اگست میں ملکی درآمدات پر5.95ارب ڈالرکا زرمبادلہ خرچ ہوا۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر2فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ۔ جولائی میں درآمدات پر4.20ارب ڈالرکا زرمبادلہ صرف ہوا جو اگست میں بڑھ کر4.29ارب ڈالر ہوگیا۔