مونگ پھلی کی اچھی پیداوار کے لئے کھادوں کا متناسب استعمال ضروری ہے، ترجمان آری

فیصل آباد۔19جون (اے پی پی):مونگ پھلی کی اچھی پیداور کیلئے کھادوں کا متناسب استعمال ضروری ہے لہٰذا کاشتکار فصل کیلئے کھادوں کی مقدار کا صحیح تعین کرنے کیلئے اپنی زمین کا تجزیہ کروائیں اور تجزیاتی رپورٹ کی روشنی میں ماہرین زراعت کی مشاورت سے متناسب کھادوں کا استعمال یقینی بنایاجائے تاکہ کاشتکاروں کو بہتر فصل حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ریسرچ انفارمیشن یونٹ کے ماہرین نے کہا کہ مونگ پھلی کے کاشتکار کھادوں کی مقدار کا درست استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ پھلی دار فصل ہونے کے ناطے مونگ پھلی اپنی ضروریات کی 80فیصد نائٹروجن فضاسے حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جولائی کے دوران اور اگست کے آغاز میں جب فصل پھول نکا ل رہی ہوتی ہے تو 200کلوگرام فی ایکڑ یا 25کلوگرام فی کینال کی شرح سے جپسم ڈالنے سے بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کے لئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔