ریاض ۔20مارچ (اے پی پی):سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) کی تفتیشی ٹیموں نے 9 سے 15 مارچ 2025 کے دوران مکہ اور مدینہ میں 65 ہزار 898 انسپیکشن کئے ہیں ۔ اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے رمضان کے دوسرے ہفتے میں خلاف ورزیوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی۔رمضان کے پہلے ہفتے میں 12.6 ہزار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی تھیں جبکہ دوسرے ہفتے میں 9.7 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔ مدینہ منورہ میں 2.7 ہزار اور مکہ مکرمہ میں خلاف ورزیاں 7 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔
تفتیشی ٹیموں نے مکہ مکرمہ میں بڑے پارکنگ ایریاز، کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ، چیک پوائنٹ، النواریہ، ٹرین سٹیشن، مدینہ منورہ میں امیر محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ، مسجد قبا، میقات مساجد، الحرمین ٹرین سٹیشن پر معائنے کیے۔ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں بسوں میں ریکارڈ کی گئیں۔ نمایاں خلاف ورزی ڈرائیوروں کا ڈریس کوڈ پر عمل نہ کرنا، کارڈ کے بغیر کام کرنا ہے۔ ٹیکسیوں کی نمایاں خلاف ورزیوں میں آپریٹنگ کارڈ کے بغیر کام کرنا، ڈریس کوڈ پر عمل نہ کرنا اور قواعد و ضوابط پر مکمل عمل نہ کرنا شامل ہے۔ اتھارٹی کی ٹیمیں مملکت کے مختلف علاقوں میں فیلڈ مہم جاری رکھے ہوئے ہیں اس کا مقصد خلاف ورزیوں کو کنٹرول کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574503