میپکو کی جنوبی پنجاب میں کارروائیاں،ایک روز میں 143 بجلی چوروں کو73لاکھ 72ہزار روپے جرمانہ

208
mepco

ملتان۔ 19 اپریل (اے پی پی):ملک بھر کی طرح میپکوریجن میں بھی بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔اس سلسلہ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان کی ہدایت ملتان الیکٹرک پاورکمپنی کی ٹیموں نے جمعہ 19 اپریل 2024 کو جنوبی پنجاب میں مختلف کارروائیوں کے دوران مزید 143 صارفین کو دو لاکھ 15 ہزار یونٹس چوری کرنے پر 73 لاکھ 72 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔بجلی چوری کرنے پر 114 صارفین کے خلاف نئے مقدمات کا اندراج کروایا گیا جبکہ دو بجلی چوروں کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ایک روز میں تین کروڑ 60 لاکھ روپے کی وصولی کی گئیں۔میپکو رورل سب ڈویژن خانپور کی ٹیموں نے بڑے پیمانے پر بجلی چوری کرنے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر 15 بستیوں کی بجلی منقطع کی۔ سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن بہاولپور میں ایک لاکھ 36 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر دو زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع جبکہ سردار پور سب ڈویژن خانیوال کی ٹیم نے میٹر میں لوپ سسٹم اور ڈائریکٹ کنڈیاں لگا کر دو صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا۔

اربن اور رورل سب ڈویژن لودھراں کی ٹیموں نے نو لاکھ 80 ہزار روپے واجبات ادا نہ کرنے پر تین ٹیوب ویل ڈیفالٹرز کی بجلی منقطع کر دی،تین لاکھ 50 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک زرعی ٹیوب ویل صارف کی بجلی منقطع کی گئی اور ڈیفالٹر کاشتکاروں کے میٹرز اور ٹرانسفارمرز بھی اُتار لئے گئے۔