نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن نے کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کو پاکستان آنے کیلئے ویزے جاری کر دیئے

نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن نے کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کو پاکستان آنے کیلئے ویزے جاری کر دیئے
ملاقات 25 دسمبر کو ہو گی، پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کا ایک اہلکار بھی شامل ہو گا، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا ٹویٹ

اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن نے کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کو پاکستان آنے کیلئے ویزے جاری کر دیئے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ”را“ کے جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کو ملاقات کی غرض سے پاکستان آنے کیلئے ویزے جاری کر دیئے ہیں۔ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوش یادیو سے ان کی اہلیہ کی ملاقات کی اجازت دی تھی تاہم بھارت نے ملاقات میں کلبھوش کی والدہ کو بھی شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کلبھوش سے ان کی اہلیہ اور والدہ کی ملاقات 25 دسمبر کو ہو گی۔ اس موقع پر پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کا ایک اہلکار بھی شامل ہو گا۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔