نوازشریف کی قیادت میں ملک کو معاشی تباہی کے گڑھے سے نکالیں گے، شہبازشریف

Muhammad. Shahbaz Sharif's
Muhammad. Shahbaz Sharif's

لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):سابق وزیراعظم وپاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں ملک کو معاشی تباہی کے گڑھے سے نکالیں گے، 21اکتوبر کووعدوں کی تکمیل کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات کرنے والوں میں شائستہ پرویز ملک ،خواجہ عمران نذیر ، کبیر تاج ، بائو اختر اور رمضان صدیق بھٹی سمیت دیگرشامل تھے، جبکہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں 21 اکتوبر کو پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں عوام کی امیدوں کو پھر پورا کریں گے، ملک کو معاشی تباہی کے گڑھے سے پھر نکالیں گے، نوازشریف کی قیادت میں پھر سب ٹھیک کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ21اکتوبر وعدوں کی تکمیل کے نئے دور کا آغاز ہے، دِن رات جس طرح رہنما اور کارکن جذبے سے کام کررہے ہیں، قابل تحسین ہے۔