Election day banner
31 C
Islamabad
اتوار, جون 23, 2024
ہومقومی خبریںنواز شریف کی قیادت میں محنت اور لگن سے ترقی کے راستے...

نواز شریف کی قیادت میں محنت اور لگن سے ترقی کے راستے پر گامزن ہیں ، پاکستان کو عظیم بنائیں گے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا مسلم لیگ(ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب

لاہور۔28مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں محنت اور لگن سے ترقی کے راستے پر گامزن ہیں ، پاکستان کو عظیم بنائیں گے ،محمد نواز شر یف کا مسلم لیگ (ن) کاصدر منتخب ہونا ان کی عوام سے محبت اور خدمت کا نتیجہ ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے شہیدوں اور غازیوں کے خلاف زہر اگلا، قوم ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے ان خیالات کاا ظہار منگل کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ(ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم محمد شہبا زشریف نے کہاکہ میں بالخصوص پارٹی کے پرانے مدبر سیاستدان راجہ ظفر الحق سمیت مسلم لیگ ( ن) کی جنرل کونسل میں پنجاب، بلوچستان، کے پی کے ، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر سے آنے والے تمام معززین ،ارکان اسمبلی ، کارکنان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور پارٹی الیکشن کے کامیاب انعقاد پر رانا ثنا اللہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آج میں کامیابی کے ساتھ بطور نگران پارٹی صدر کے ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوا اور آج اس اجلاس نے محمد نواز شریف کو بلا مقابلہ صدر منتخب کیا، پنجاب میں وزیراعلی مریم نواز شریف کی جواں اور اہل قیادت نواز شریف کی رہنمائی میں دن رات عوامی خدمت میں کوشاں ہے، اسی طرح وفاق میں نواز شریف کی سرپرستی میں ایک مخلوط حکومت ملک کی معیشت کو دوبارہ سنبھالا دینے کے لیے دن رات کاوشیں کر رہی ہے، قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی مجھے اور میرے ساتھیوں کو ہر قدم پر مطلوب ہے اور میرا ایمان ہے کہ اگر ہم سب مل کر دن رات کوشش اور محنت کریں گے تو پاکستان ضرور ان مشکلات سے باہر نکلے گا اور وہی پاکستان بنے گا جس کو نواز شریف نے 2017 میں چھوڑا تھا۔محمد شہبا زشریف نے کہاکہ بدقسمتی سے محمد نواز شریف کو جھوٹے پاناما کیسز میں سزا دی گئی ، ان کو زبردستی ملک بدر کیا گیا ، ان کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے پاکستان کی خدمت کی اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ،پاکستان کے اندر ترقی اور خوشحالی کے دریا بہنے لگے، پاکستان کی صنعت اور زراعت ترقی کرنے لگی، عوام محمد نواز شریف کے لیے دعائیں کر رہے تھے مگر پاکستان کے دشمنوں کو یہ بات راس نہ آئی اور ایک سازش کے ذریعے نواز شریف کی خدمات کو پوری دنیا میں رسوا کرنے کی کوشش کی گئی مگر آج ان سازشی کرداروں کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نواز شریف سرخرو ہو گیا۔ وزیر اعظم محمد شہبا زشریف نے کہاکہ آج مخالفین بھی یہ بات کہنے پر مجبور ہیں کہ محمد نواز شریف کے ساتھ اس وقت ظلم اور زیادتی ہوئی، میں آج یہ بات ڈنکے کی چوٹ پر کہنا چاہتا ہوں کہ نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اوروفاق میں مخلوط حکومت میں پیپلز پارٹی، ق لیگ اور ایم کیو ایم سمیت دوسری سیاسی جماعتیں دن رات اخلاص کے ساتھ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں یہ بات بڑے واضح اوروا شگاف الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی جب اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر محمد نواز شریف کو نہ ہروا سکے تو آخری حربہ استعمال کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں بیلٹ باکس تبدیل کر و ا دیے ، ا س نے لندن میں بیٹھ کر پاکستان کی فوج اور شہیدوں اور غازیوں کے بارے میں زہر اگلا، 190 ملین پائونڈ چوری کیے، گھڑیاں بازار میں فروخت کیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی تمہاری تمام سازشیں ناکام ہوں گی، اب عمران نیازی کا اصل مکروہ چہرہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہے ،یہ قوم تمہیں کبھی معاف نہیں کرے گی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہم پاکستان کے لیے نواز شریف کی قیادت میں دن رات کام کرکے ترقی کا ادھورا سفر وہاں سے ہی شروع کریں گے جہاں سے چھوڑا گیا، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے خون پسینہ بہائیں گے ، پاکستان کو عظیم بنائیں گے اور پاکستان کو اس عمران نیازی سے بچائیں گے ۔

 

متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں