اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کی راہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9مئی کو ہونے والی تمام تر پرتشدد کارروائیوں کی منصوبہ بندی بیرون ملک ایجنڈے کے تحت زمان پارک میں کی گئی ،اس سازش کا مقصد قومی اداروں کی تضحیک اور بیرونی آقائوں کو خوش کرنا تھا، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نوجوانوں کے ذہنوں کو زہر آلود کیا گیا، میرے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے ۔
جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کرتی ہوں ۔ تحریک انصاف نے ملک میں نفرت کی سیاست کو فروغ دیا۔ منصوبے کے تحت شہداء کی یادگاروں پر حملہ کیا گیا میرا مطالبہ ہے کہ نو مئی کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کر کے اس میں ملوث تمام ذمہ داروں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کے لئے زہر قاتل ہے ۔اپنے ساتھیوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرنا اور پھر پھینک دینا عمران خان کا مشغلہ ہے ۔
سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی اور عداوت میں بدل دیا گیا،وہ سب سے پہلے اپنے محسنوں کے ہی دشمن بن جاتے ہیں یہ ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔عمران خان اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی کو نہیں ان کے منشور کو جوائن کیا تھا، سیاسی سفر جاری رہے گا، سیاست کا محور حلقے کےعوام ہیں۔ میں شرپسند کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی چھوڑ رہی ہوں، اپنے 22 سالہ سیاسی سفر میں ایسا ماحول اور منظر نہیں دیکھا۔
وطن کے دفاع میں اپنے چشم وچراغ قربان کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سیاسی سفر جاری رہے گا، سیاست کا محور حلقے کےعوام ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں قومی سلامتی کمیٹی کا بھی حصہ رہی، قومی سلامتی کے ادارے دہشت گردی کے خلاف نبردآزما تھے تو کچھ عناصر سابق وزیراعظم کے ذہن کی آبیاری کررہے تھے، قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ کرکے نوجوانوں کی ذہن سازی کرکے اداروں کو بدنام کرنے کی منظم سازش ہوئی۔ 9 مئی کو ایک منظم سازش کے تحت بیرونی ایجنڈے پر اداروں پر حملہ کیا گیا،سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی اور عداوت میں بدل دیا گیا، گھر گھر میں پولرائزیشن کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا، 9 مئی کے واقعات کی آزادانہ اور منصفانہ انکوائری کرائی جائے اور ملوث افراد کو عبرت ناک سزا دی جائے۔ عمران خان سب سے پہلے دوستوں کے لیے دشمن بنتے ہیں، پی ٹی آئی آج بند گلی میں جا چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کا حصہ نہیں رہنا چاہتی۔