نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ دو روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ دو روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے

کویت۔28نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنے دو روزہ دورے کیلئے کویت پہنچ گئے ہیں۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق کویت پہنچنے پر کویت کے وزیر بجلی، پانی و قابل تجدید توانائی ڈاکٹر جاسم محمد عبداللہ الاستاد نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر پاکستان کے کویت میں سفیر ملک محمد فاروق اور دونوں ممالک کے اعلی سفارتی اہلکار بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران وزیراعظم ولی عہد کویت شيخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیراعظم شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔نگران وزیراعظم کا دورہ کویت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔