اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے کوئٹہ کے زمانہ طالب علمی کی سکول ٹیچر سے ملاقات کی۔ پیر کو وزیراعظم نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی سکول ٹیچر سے ملاقات کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔
اس ویڈیو کے ساتھ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ کوئٹہ کے زمانہ طالب علمی کی سکول ٹیچر مس عذرا ناہید سے تین دہائیوں بعد میری ملاقات ہوئی جن کی شفقت اورکبھی کبھار سختی نے میری شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے اپنی ٹیچر کا نہایت ادب و احترام اور والہانہ انداز میں خیرمقدم کیا جبکہ محترمہ عذرا ناہید بھی وزیراعظم سے نہایت شفقت سے ملیں اور انہیں نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔