نگران وزیراعظم کا ابوظہبی میں شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ، مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کی قبر پر فاتحہ خوانی

نگران وزیراعظم کا ابوظہبی میں شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ، مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کی قبر پر فاتحہ خوانی

ابوظہبی۔28نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ابوظہبی میں شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے منگل کو ابوظہبی میں شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا، مرحوم شیخ زید کی دانشمندانہ قیادت نے دنیا کی مختلف اقوام کے درمیان رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے کلچر کو تقویت بخشی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم شیخ زید کے پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ شیخ زید مسجد کا عظیم پیغام بقائے باہمی، رواداری اور دیگر ثقافتوں کے لئے کشادہ دلی کے تصورات کو اجاگر کرتا ہے، یہ پیغام متحدہ عرب امارات کے بانی کی شاندار میراث سے متاثر ہے۔ وزیر اعظم کو اسلامی ثقافت کے حقیقی جوہر کو اجاگر کرنے میں مسجد کے اہم کردار کے بارے بتایا گیا۔

شیخ زید گرینڈ مسجد جدید اسلامی فن تعمیر کا ایک شاہکار نمونہ ہے جس میں 40000 سے زائد نمازیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ شیخ زید مسجد متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی اور دنیا کی تیسری بڑی مسجد ہے۔مسجد کے دورے کے دوران نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمزی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔