نگراں وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی محمد سمیع سعید کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس

Caretaker Federal Minister Sami Saeed
Caretaker Federal Minister Sami Saeed

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں اشیائے خوردنوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کو کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کو کم کریں ۔

اجلاس میں پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس) کے چیف شماریات ، صوبوں کے نمائندوں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وزارت فوڈ سیکورٹی اینڈ انڈسٹریز اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پی بی ایس حکام نے قیمتوں اور مہنگائی کے اعداد و شمار پیش کئے جبکہ پنجاب، کے پی، سندھ اور بلوچستان کے نمائندوں نے گندم، چینی اور دیگر ضروری اشیاء کی موجودہ پیداوار اور فراہمی کے بارے میں فورم کو آگاہ کیا جو کہ تسلی بخش رہی۔

نگراں وزیر منصوبہ بندی نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کیں جبکہ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور مجسٹریٹس کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی تاکید کریں ۔اجلاس کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا ادارہ شماریات اپنی ایپ کی رسائی صوبوں کو بھی دے گا تاکہ صوبوں میں قیمتوں کی نگرانی اور اسے کنٹرول کیا جا سکے۔