نیب راولپنڈی نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں سی ڈی اے کے 4 سابق افسران کو گرفتار کرلیا

نیب راولپنڈی نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں سی ڈی اے کے 4 سابق افسران کو گرفتار کرلیا
گرفتار ہونے والوں میں سابق ڈپٹی ڈائریکٹر غلام مرتضیٰ ملک،خلیل احمد، عمار ادریس،خادم حسین ، صفاءگولڈ مال کے مالک رانا عبدالقیوم شامل

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بلڈنگ کنٹرول سیکشن سی ڈی اے غلام مرتضیٰ ملک، سابق ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سیکشن سی ڈی اے خلیل احمد، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سیکشن سی ڈی اے عمار ادریس، سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سیکشن سی ڈی اے خادم حسین اور صفاءگولڈ مال مرکز ایف سیون اسلام آباد کے مالک رانا عبدالقیوم کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس کیس کا تعلق پلاٹ نمبر 7 ایف سیون مرکز اسلام آباد کی نیلامی سے ہے۔ یہ معاملہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی جانب سے نیب کو بھجوایا گیا ہے۔ ملزمان نے ایک دوسرے سے مل کر بدعنوانی اور اختیارات کا غلط استعمال کیا۔ سی ڈی اے بورڈ کے 14 نومبر 2017ءکو ہونے والے اجلاس میں پلاٹ کی لیز کو کینسل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کیلئے (آج) منگل کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔